1رب نے موسیٰ اور ہارون سے کہا،
2”اسرائیلیوں کو بتانا کہ اگر کسی مرد کو جریان کا مرض ہو تو وہ خارج ہونے والے مائع کے سبب سے ناپاک ہے،
3چاہے مائع بہتا رہتا ہو یا رُک گیا ہو۔
4جس چیز پر بھی مریض لیٹتا یا بیٹھتا ہے وہ ناپاک ہے۔
5اِسی طرح جو بھی ایسے مریض کو چھوئے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
6اگر مریض کسی پاک شخص پر تھوکے تو یہی کچھ کرنا ہے اور وہ شخص شام تک ناپاک رہے گا۔
7جب ایسا مریض کسی جانور پر سوار ہوتا ہے تو ہر چیز جس پر وہ بیٹھ جاتا ہے ناپاک ہے۔
8جو بھی ایسی چیز چھوئے یا اُسے اُٹھا کر لے جائے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
9جس کسی کو بھی مریض اپنے ہاتھ دھوئے بغیر چھوئے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
10مٹی کا جو برتن ایسا مریض چھوئے اُسے توڑ دیا جائے۔ لکڑی کا جو برتن وہ چھوئے اُسے خوب دھویا جائے۔
11جسے اِس مرض سے شفا ملی ہے وہ سات دن انتظار کرے۔ اِس کے بعد وہ تازہ پانی سے اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ پھر وہ پاک ہو جائے گا۔
12آٹھویں دن وہ دو قمریاں یا دو جوان کبوتر لے کر ملاقات کے خیمے کے دروازے پر رب کے سامنے امام کو دے۔
13امام اُن میں سے ایک کو گناہ کی قربانی کے طور پر اور دوسرے کو بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر چڑھائے۔ یوں وہ رب کے سامنے اُس کا کفارہ دے گا۔
14اگر کسی مرد کا نطفہ خارج ہو جائے تو وہ اپنے پورے جسم کو دھو لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
15ہر کپڑا یا چمڑا جس سے نطفہ لگ گیا ہو اُسے دھونا ہے۔ وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا۔
16اگر مرد اور عورت کے ہم بستر ہونے پر نطفہ خارج ہو جائے تو لازم ہے کہ دونوں نہا لیں۔ وہ شام تک ناپاک رہیں گے۔
17ماہواری کے وقت عورت سات دن تک ناپاک ہے۔ جو بھی اُسے چھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
18اِس دوران جس چیز پر بھی وہ لیٹتی یا بیٹھتی ہے وہ ناپاک ہے۔
19اگر مرد عورت سے ہم بستر ہو اور اُسی وقت ماہواری کے دن شروع ہو جائیں تو مرد خون لگنے کے باعث سات دن تک ناپاک رہے گا۔ جس چیز پر بھی وہ لیٹتا ہے وہ ناپاک ہو جائے گی۔
20اگر کسی عورت کو ماہواری کے دن چھوڑ کر کسی اَور وقت کئی دنوں تک خون آئے یا خون ماہواری کے دنوں کے بعد بھی جاری رہے تو وہ ماہواری کے دنوں کی طرح اُس وقت تک ناپاک رہے گی جب تک خون رُک نہ جائے۔
21جس چیز پر بھی وہ لیٹتی یا بیٹھتی ہے وہ ناپاک ہے۔
22جو بھی ایسی چیز کو چھوئے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
23خون کے رُک جانے پر عورت مزید سات دن انتظار کرے۔ پھر وہ پاک ہو گی۔
24آٹھویں دن وہ دو قمریاں یا دو جوان کبوتر لے کر ملاقات کے خیمے کے دروازے پر امام کے پاس آئے۔
25امام اُن میں سے ایک کو گناہ کی قربانی کے لئے اور دوسرے کو بھسم ہونے والی قربانی کے لئے چڑھائے۔ یوں وہ رب کے سامنے اُس کی ناپاکی کا کفارہ دے گا۔
26لازم ہے کہ اسرائیلیوں کو ایسی چیزوں سے دُور رکھا جائے جن سے وہ ناپاک ہو جائیں۔ ورنہ میرا وہ مقدِس جو اُن کے درمیان ہے اُن سے ناپاک ہو جائے گا اور وہ ہلاک ہو جائیں گے۔
27لازم ہے کہ اِس قسم کے معاملوں سے ایسے نپٹو جیسے بیان کیا گیا ہے۔ اِس میں وہ مرد شامل ہے جو جریان کا مریض ہے اور وہ جو نطفہ خارج ہونے کے باعث ناپاک ہے۔
28اِس میں وہ عورت بھی شامل ہے جس کے ماہواری کے ایام ہیں اور وہ مرد جو ناپاک عورت سے ہم بستر ہو جاتا ہے۔“